منامہ22جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)بحرین میں سیکورٹی اداروں نے 5 دہشت گردوں کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے آتشی ہتھیار اور دھماکا خیز آلات کی تیاری میں استعمال ہونے والا سامان برآمد کرلیا۔ یہ دہشت گرد ملک میں دھماکے اور دہشت گرد کارروائیاں کرنے کا ارادہ رکھتے تھے۔وزارت داخلہ کی جانب سے جاری بیان میں صدیق کی گئی ہے کہ گرفتار شدگان نے ایرانی پاسداران انقلاب اور عراقی حزب اللہ بریگیڈز کے کیمپوں میں تربیت حاصل کرنے کا بھی اعتراف کیا ہے۔ معلوم رہے کہ دہشت گرد تنظیم کے دیگر ارکان کا پتہ چلانے اور ان کو گرفتار کر کے عدالت میں پیش کرنے کے لیے تلاشی کی کارروائیاں جاری ہیں۔بحرین کی سرکاری نیوز ایجنسی کے مطابق قبضے میں لیے جانے والے لوازمات میں متعدد آتشی ہتھیار، ریموٹ کنٹرول سیٹ، رابطے کے آلات اور دھماکا خیز آلات میں استعمال ہونے والی بیٹریوں کے علاوہ موبائل فونز اور سِمز، بجلی کے تار، خنجر ، چاقو اور مختلف نقد کرنسیاں شامل ہیں۔گرفتار ہونے والے پانچوں دہشت گردوں کے بارے میں تفصیلات درج ذیل ہیں ۔1 ۔ محمد عبدالجلیل مہدی جاسم عبداللہ : عمر 28 سال ہے اور ایک نجی کمپنی میں ملازم ہے۔ اس نے ایران میں خودکار اسلحہ چلانے، گرینیڈز استعمال کرنے اور دھماکا خیز مواد اور آلات تیار کرنے کی تربیت حاصل کی۔ وطن واپسی پر مذکورہ نوجوان نے حمد شہر میں گاڑیوں کے ایک ورک شاپ کو اسلحہ اور دھماکا خیز مواد ذخیرہ کرنے کے لیے استعمال کیا۔ محمد عبدالجلیل کے مطابق اس نے 2013 کے اواخر میں عراق میں حزب اللہ کے بریگیڈ کے ہاتھوں بھی عسکری کارروائیوں کی تربیت حاصل کی۔2۔محمود جاسم مرہون محمد مرہون : عمر 26 سال ہے اور ایک نجی کمپنی میں ملازم ہے۔ اس نے پہلے ایران میں پاسداران انقلاب کے ہاتھوں عسکری تربیت حاصل کی اور پھر عراق میں حزب اللہ کے بریگیڈ کے کیمپ میں تربیت حاصل کی۔3 ۔ جاسم منصور جاسم شملوہ : عمر 25 سال ہے اور ایک نجی کمپنی میں ملازم ہے۔ اس نے اقرار کیا ہے کہ پہلے گرفتار دہشت گرد محمد عبدالجلیل نے دھماکا خیز آلات کی تیاری میں استعمال ہونے والی بیٹریاں اور ریموٹ کنڑول سیٹ اس کے حوالے کیے تھے۔ اس سازوسامان کو جاسم نے حمد شہر میں اپنے والد کے گھر میں چھپا دیا تھا۔4 ۔ احمد محمد علی یوسف : 23 سالہ تخریب کار نے بتایا ہے کہ اس نے دھماکا خیز آلات میں استعمال ہونے والی بیٹریوں، ریموٹ کنٹرول سیٹ اور بجلی کے تاروں کو اپنے گھر می ذخیرہ کرنے میں تیسرے گرفتار دہشت گرد جاسم منصور کی مدد کی تھی۔5 ۔ خلیل حسن خلیل إبراہیم سعید : 20 سالہ طالب علم ہے۔ اس نے دھماکا خیز آلات کی تیاری میں استعمال ہونے والا ساز و سامان (بیٹریاں اور ریموٹ کنٹرول سیٹ وغیرہ)پہلے گرفتار دہشت گرد’’محمدعبدالجلیل‘‘کے گھر سے حاصل کیا۔ عبدالجلیل نے خلیل حسن سے مطالبہ کیا تھا کہ وہ ان لوازمات کو اپنے گھر میں چُھپالے جب تک کہ اس سے دوبارہ مانگا نہ جائے۔